برطانیہ میں مسلمانوں کو دھمکی آمیز خطوط، پولیس نے تحقیقات شروع کردی
لندن(آئی این پی)برطانیہ میں ایک گروپ نے مسلمانوں پر حملوں کا خط مختلف پتوں پر بھجنا شروع کردیا، خط میں مشورہ دیا گیاہے کہ آئندہ ماہ کی تین تاریخ کو مسلمانوں پر تیزاب، چاقو اور دیگر حملے کئے جائیں۔ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق مسلمانوں پر حملوں کا ایک خط بریڈ فورڈ کے ایک مسلمان کونسلر ریاض احمد کے دفتر میں بھی آیا۔ خط کا متن دیکھ کر ریاض احمد پریشان ہوگئے اور فوری طور پر پولیس کو آگاہ کیا۔ خط میں مشورہ دیا گیا تھاکہ تین اپریل 2018ء اور دیگر خصوصی دنوں پر مسلمان برادری پر چاقو، تیزاب اور دیگر طریقے حملے کئے جائیں اور انہیں سخت سزا دی جائے۔ ریاض احمد نے مسلمانوں سے کہاکہ وہ پریشان یا خائف نہ ہوں۔اور خط ملنے کی صورت میں پولیس کو آگاہ کریں۔ پولیس نے کہاکہ انہیں اس خط کا علم ہے۔ اور اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔