سفارتخانے پر حملے میں برطانوی حکومت ملوث ہے : ایران ، پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب
تہران(این این آئی)ایرانی حکومت نے لندن میں قائم سفارت خانے پرمشتعل ھجوم کے دھاوے اور احتجاج کی ذمہ داری برطانیہ پر عائد کی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے گزشتہ روز جاری کیے گئے ایک بیان میں کہاجمعہ کے روز لندن میں قائم ایرانی سفارت خانے پر ہونے والی یلغار کے پیچھے برطانوی حکومت کا ہاتھ معلوم ہوتا ہے۔ حکومت نے بلوائیوں کو سفارت خانے پر حملے سے روکنے کے بجائے خاموشی اختیار کررکھی تھی۔ادھر ایرانی حکومت کے ترجمان محمد باقر نو بخت نے پریس کانفرنس کے دوران کہاہم تک جو معلومات پہنچی ہیں ان سے معلوم ہوتا ہے لندن میں ایرانی سفارت خانے پر مشتعل افراد کے حملے کے کئی گھنٹے بعد پولیس پہنچی۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے برطانوی پولیس سفارت خانے کو تحفظ دینے میں ناکام رہی ہے۔ایرانی قومی سلامتی کے چیئرمین علائو الدین بروجردی نے بھی لندن میں ایرانی سفارت کانے پر حملے کو برطانوی پولیس کی ملکی بھگت کا نتیجہ قرار دیا۔ایرانی قومی سلامتی کے ایک دوسرے عہدیدار کمال دھقانی فیروز آبادی نے کہاپارلیمنٹ خصوصی اجلاس منعقد کرے گی جس میں لندن میں ایرانی سفارت خانے پرایک گروپ کی طرف سے حملے اور یورپی یونین کے ساتھ ایرانی تعلقات پر غور کیا جائے گا۔