ممکنہ تجارتی جنگ کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں: چینی وزیر تجارت
بیجنگ (آ ئی این پی ) چینی وزیر تجارت نے کہا ہے کہ چین ممکنہ تجارتی جنگ کے تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، تجارتی جنگ سے نہ صرف چین اور امریکہ بلکہ پوری دنیا کو نقصان ہو گا،چین تجارتی جنگ پسند کرتا ہے نہ ہی تجارتی جنگ شروع کریگا ،چین کثیرالطرفہ تجارتی مذاکرات کا حامی ہے،24 ممالک اور ریجنز کے ساتھ16 آزادانہ تجارتی معاہدے طے کئے ہیں، آزادانہ تجارتی اور ڈبلیو ٹی او مذاکرات ایک دوسرے کے لئے مدد گار ہیں۔ وزیر تجارت جون شان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ چین تجارتی جنگ پسند نہیں کرتا اور نہ ہی تجارتی جنگ شروع کریگا ۔ تاہم چین ممکنہ تجارتی جنگ کے تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔جون شان نے کہا کہ تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہے۔ تجارتی جنگ سے نہ صرف چین اور امریکہ بلکہ پوری دنیا کو نقصان ہو گا۔تجارتی توازن کا ذکر کرتے ہوئے جون شان نے کہا کہ تجارتی حجم کے تعین کے حوالے سے چین اور امریکہ کے طریقہ کار میں فرق پایا جاتا ہے۔