'اچھا نہیں کھیلے، پلے آف میں پہنچنے کے مستحق نہیں‘وہاب ریاض
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پشاور زلمی کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے اپنی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے بحیثیت ٹیم اچھا کھیل پیش نہیں کیا اس لیے ہم پلے آف میں پہنچنے کے مستحق نہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ناکامی کے بعد پشاور زلمی کے ایونٹ سے اخراج کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے کیونکہ دفاعی چیمپیئن ٹیم نے اب تک آٹھ میں سے صرف تین میچ جیتے ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ایونٹ میں سفر جاری رکھنے کیلئے پشاور زلمی کو اپنے بقیہ دونوں میچوں میں لازمی فتح درکار ہے لیکن موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے ایسا مشکل نظر آ رہا ہے۔وہاب ریاض نے ٹیم کی ناقص کارکردگی کا ادراک کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی چیمپیئن ہونے کی حیثیت سے ہم چاہتے تھے کہ پلے آف کیلئے کوالیفائی کریں لیکن اس وقت صورتحال بہت مشکل ہے کیونکہ ہمیں ملتان سلطانز پر انحصار کرنا پڑے گا کہ اگر وہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے اپنا آخری میچ ہارے اور ہم بقیہ دونوں میچ جتییں تو پلے آف کیلئے کوالیفائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت ٹیم ہم نے اچھا نہیں کھیلا جس کی وجہ سے ہم اس جگہ پر کھڑے ہیں اور اگر ہم کوالیفائی نہیں کرتے ہیں تو شاید ہم اس کے مستحق نہیں تھے کیونکہ ہم نے اچھا کھیل پیش نہیں کیا۔رواں سیزن میں کوئی نیا ٹیلنٹ سامنے نہ آنے کے سوال پر وہاب نے کہا کہ ہمارے ہاں نوجوان لڑکوں کو اس طرح کے مواقع نہیں مل پاتے اور پی ایس ایل میں آ کر عالمی معیار کی ایک بالکل مختلف اور مسابقتی کرکٹ ہوتی ہے لہٰذا دباؤ کو جھیلنا آسان نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لڑکے اچھے ہیں لیکن ان میں اعتماد کی کمی ہے۔ ہماری ڈومیسٹک کی وکٹیں بھی اچھی نہیں ہوتیں، چار روزہ میچوں کی وکٹیں گیلی ہوتی ہیں جبکہ ون ڈے کی وکٹیں بہت سلو ہوتی ہیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار اور پی ایس ایل میں اسی فرق کی وجہ سے کوئی نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آیا۔