شہید ذوالفقار علی بھٹو فٹبال،ڈی ایف اے ملیر نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر )آل پاکستان شہید ذوالفقار علی بھٹو فٹبال ٹورنامنٹ میں میزبان ڈی ایف اے ملیر نے ڈی ایف اے سینٹرل کو 1-0سے ہراکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ کراچی یونائیٹڈ اور سندھ پولیس کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا۔محمدی فٹبال اسٹیڈیم میمن گوٹھ ملیر میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ڈی ایف اے ملیر کو ڈی ایف اے سینٹرل کو ہرانے میں سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔مصطفی نے فیصلہ کن گول بناکر اپنی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔میچ کا آغاز تیزرفتاری سے ہوا ۔ پہلے ہاف کے 32ویں منٹ میں ڈی ایف اے ملیر کے مصطفی کو گول کرنے کا ایک بہترین موقعہ ملا جس پر اس نے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو1-0 کی برتری دلادی۔ دوسرے ہاف میں ڈی ایف اے سینٹرل نے گول برابر کرنے کی بہت کوشش کی لیکن ان کو ڈی ایف اے ملیر کے دفاعی کھلاڑیوں کی عمدہ پرفارمنس اور گول کیپر کے اعلی کھیل نے ان کو گول کرنے میںکامیاب نہیں ہونے دیا۔ دوسرے میچ میں کراچی یونائیٹڈ اور سندھ پولیس کے درمیان کے مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔کھیلے کے شروع میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر حملے کرنے سبقت حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم کوئی بھی ٹیم برتری حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ہاف ٹائم میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔دوسرے ہاف میں مہمان خصوصی پی پی پی کے ر ہنما مرتضیٰ یار محمدکا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کا کھیل مایوس کن تھا،فاروڈز نے گول کے آسان موقعہ ضائع کرنے اپنی ٹیموں کو برتری سے محروم کردیا۔ ریفری نے میچ کے خاتمہ کی وسل بجائی تو دونوں ٹیمیں بغیر کسی گول کے برابری کے بعد ایک ایک پوائنٹ کے ساتھ میدان سے باہر آئیں۔