حکمرانوں نے عقیدہ ختم نبوت پر حملہ کرکے مسلمانوں کی دل آزاری کی: حسن محی الدین
لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے سنٹرل پنجاب کے عہدیداروں کے تنظیمی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کوئی نا اہل انقلابی نہیں ہو سکتا اور نہ ہی اثاثوں کی منی ٹریل سے نا واقف عوامی قیادت کا اہل ہے ۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ظالم نظام کے بارے میں جو حقائق 5سال قبل 2012-13میں قوم کے سامنے رکھے آج وہی کلمات ہر زبان پر ہیں۔ پاکستان کے جملہ مسائل کا حل مصطفوی نظام میں ہے اور تحریک منہاج القرآن مصطفوی انقلاب کیلئے علم اور امن کی طاقت سے جدوجہد کر رہی ہے۔ پاکستان تاریخ کے انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے،نہ صرف نظریہ پاکستان پر مراعات یافتہ مقتدر طبقہ حملہ آور ہے بلکہ یہ طبقہ ایمان اور اسلام کی بنیادوں کو بھی اپنے اقتدار کیلئے کھوکھلا کرنے میں مصروف ہے۔ختم نبوت کے قانون کو بدلنا اور پھر رپورٹ کو پبلک کرنے سے انکار کرنا عقیدہ ختم نبوت پر ایمان رکھنے والوں کے مذہبی عقائد کو مجروح کرنے کی ناپاک حرکت ہے۔