دورہ پاکستان‘ ویسٹ انڈیز کے تمام میچز کراچی میں کرانے کا اعلان
لاہور (نمائندہ سپورٹس )چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کراچی کے شہریوں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کے تینوں ٹی20 میچز کراچی میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز یکم سے 4اپریل کے دوران کھیلی جائے گی اور سیریز کے تینوں میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔چیئرمین پی سی بی نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ ویسٹ انڈیز نے یکم، 2 اور 4 اپریل کو کراچی میں میچز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ لاہور نے زمبابوے، ورلڈ الیون، پی ایس ایل فائنل اور سری لنکا کی میزبانی کی اور اب پی ایس ایل فائنل اور دورہ ویسٹ انڈیز کے ذریعے کراچی کے پاس چمکنے کا موقع ہے۔ پی سی بی کے اس اقدام کی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مکمل حمایت کی۔ چند گھنٹے قبل ہی ویسٹ انڈین کرکٹ حکام نے تصدیق کی ہے کہ وہ یکم، دو اور 4اپریل کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں میچز کھیلیں گے۔