ناقص کارکردگی،زلمی پی ایس ایل پلے آف میں پہنچنے کے مستحق نہیں:وہاب ریاض
لاہور (نمائندہ سپورٹس )پشاور زلمی کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے اپنی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے بحیثیت ٹیم اچھا کھیل پیش نہیں کیا اس لیے ہم پلے آف میں پہنچنے کے مستحق نہیں۔ دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے چاہتے تھے کہ پلے آف کیلئے کوالیفائی کریں لیکن اس وقت صورتحال بہت مشکل ہے کیونکہ ہمیں ملتان سلطانز پر انحصار کرنا پڑیگا کہ اگر وہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے اپنا آخری میچ ہارے اور ہم بقیہ دونوں میچ جیتیں تو پلے آف کیلئے کوالیفائی کریں گے۔ بحیثیت ٹیم اچھا نہیں کھیلا جس کی وجہ سے اس جگہ پر کھڑے ہیں اور اگر ہم کوالیفائی نہیں کرتے تو شاید ہم اس کے مستحق نہیں تھے کیونکہ ہم نے اچھا کھیل پیش نہیں کیا۔ہمارے ہاں نوجوان لڑکوں کو اس طرح کے مواقع نہیں مل پاتے اور پی ایس ایل میں آ کر عالمی معیار کی ایک بالکل مختلف اور مسابقتی کرکٹ ہوتی ہے لہٰذا دباؤ کو جھیلنا آسان نہیں ہوتا۔ ہمارے لڑکے اچھے ہیں لیکن اعتماد کی کمی ہے۔ ڈومیسٹک کی وکٹیں بھی اچھی نہیں ہوتیں، چار روزہ میچوں کی وکٹیں گیلی ہوتی ہیں جبکہ ون ڈے کی وکٹیں بہت سلو ہوتی ہیں۔