منشیات کی اسمگلنگ کا الزام‘ فضائی میزبانوں کی گرفتاری المیہ ہے‘ شمیم اکمل
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ائیر لیگ کے مرکزی صدر شمیم اکمل نے گذشتہ روز پیرس میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں 2فضائی میزبانوں کی گرفتاری پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات نہ صرف پی آئی اے بلکہ پاکستان کی بدنامی اور رسوائی کا سبب بنتے ہیں۔ پی آئی اے جن مشکل حالات سے گذر رہی ہے ایسے وقت میں اسطرح کے واقعات پی آئی اے کی مشکلات میں مزید اضافہ کا موجب بنیں گے۔ ائیرلیگ نہ صرف ایسے جرائم پیشہ افراد کی بھرپور مذمت کرتی ہے بلکہ انکے خلاف سخت سے سخت کاروائی کا مطالبہ کرتی ہے ۔ ائیرلیگ بارہا اس بات کا اظہار کر چکی ہے کہ ائیرلیگ کے پاس ملازمین کے حقوق کے تحفظ کا مینڈیٹ ہے مگر ائیرلیگ نے کبھی کسی جرائم پیشہ شخص کی حمایت کی ہے اور نہ ہی آئندہ حمایت کرے گی۔ یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے ہے کہ اس واقعے سے ائیرلیگ کا کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ ایک شخص کاذاتی فعل ہے۔ ایسے لوگ جو ملک اور قومی ائیرلائن کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں انھیں قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔