میں ملک بھر سے قومی و صوبائی حلقوں پر امیدوار کھڑے کرینگے: ملی مسلم لیگ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے2018کے الیکشن میں قومی و صوبائی اسمبلی کی تمام نشستوں پر امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ 23مارچ کو مینار پاکستان گرائونڈ میں ہونے والے تاسیسی اجلاس میں ملی مسلم لیگ کے منشور کا اعلان کریں گے۔ ہماری سیاست کی بنیاد ناقابل تسخیر پاکستان کا قیام ہے۔ استحکام پاکستان کے لئے کشمیر کی آزادی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ ہم محبتوں کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ فرقہ واریت کا خاتمہ اور قوم کو ایک ملت بنائیں گے۔ اقلیتوں اور خواتین کو حقوق دیں گے۔ قریہ قریہ،گلی گلی جائیں گے اور ملی مسلم لیگ کا پرچم لہرائیں گے۔ ملک بھر میںکارکنان آئندہ انتخابات کی تیاری کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملی مسلم لیگ لاہور کے زیر اہتمام مقامی شادی ہال میں نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے ابوالہاشم ربانی،فیصل غزنوی، میاں عبدالوحید ،ارشد بھٹی،ملک الطاف حسین اعوان، عبدالمجید اسلم ،الیاس پادری ،اشفاق بھٹی مسیح ،میاں محمد محمود، منور علی، ڈاکٹر محمد اشفاق ایڈووکیٹ، چوہدری محمد نوید ایڈووکیٹ ،میاں محمد افضل، مولانا ادریس فاروقی، حافظ مسعود الرحمان جانباز نے بھی خطاب کیا۔ شرکاء پاکستان کا مطلب کیا ،لاالہ الااللہ، ملی مسلم لیگ سے رشتہ کیا ،لاالہ الااللہ، ہاتھوں میں ہاتھ دو ملی مسلم لیگ کا ساتھ دو و دیگر نعرے لگاتے رہے۔ ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا کہ دنیا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر خارجہ پالیسی کو استوار کریں گے۔ پاکستان کو بیرونی قرضوں کی لعنت سے نجات دلوائیں گے۔ مجھے آج کے کامیاب سیمینار سے حوصلہ ملا جس سفر کا ہم آغاز کر رہے ہیں ان شاء اللہ یہ قافلہ ،کارواں جو آج لاہور کے قرطبہ چوک میں جذبوں کے ساتھ موجود ہے چلے گا تو کراچی تک ،کوئٹہ تک،پشاور،گلگت بلتستان تک چلے گا۔ تین دن قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملی مسلم لیگ کے حق میں فیصلہ دیا۔یہ پاکستان،نظریہ پاکستان اور پوری قوم کی فتح ہے۔ سیف اللہ خالد نے کہا 2018ء کے الیکشن کی تیاری بھرپور انداز میں شروع کر دی۔ پورے ملک میں ہر صوبائی اور قومی حلقے میں امیدوار لائیں گے۔ 23مارچ کو لاہور میں ملی مسلم لیگ کا تاسیسی اجلاس کرنے والے ہیں۔ ملی مسلم لیگ اقلیتوں کو بھی حقوق دلوائے گی۔ ہماری سیاست کی بنیاد ناقابل تسخیر پاکستان کا قیام ہے۔ ملی مسلم لیگ کے رہنما ابوالہاشم ربانی نے کہا کہ ہمارا مقصد وہ معاشرہ، اقتدار اور تہذیب و ثقافت لانا ہے جو مدینہ میں نبی کریم ﷺ لائے تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنمائوں ارشد بھٹی، ملک الطاف حسین اعوان اور عبدالمجید اسلم نے ملی مسلم لیگ کی حمایت کا اعلان کیا۔