اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیدی۔

12 مارچ 2013 (22:48)

ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری ٹورنامنٹ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف اچھا آغاز کیا اور پہلے ہاف میں وقاص شریف نے گول کرکے قومی ٹیم کو برتری دلادی۔ پاکستان کی جانب سے پہلے گول کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ بھارت کی جانب سے آکاش دیپ اور رویندرپال سنگھ نے ایک ایک گول کرکے پہلے ہاف میں بھارت کی برتری دو ایک کردی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھارتی پوسٹ پر کئی حملے کئے تاہم گول کرنے میں ناکام رہے۔ میچ کے ستاون ویں منٹ میں بھارت کی جانب سے سری جیش نے تیسرا گول کرکے برتری تین ایک کردی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔