رحمن ملک مذہبی تعصب مت پھیلائیں، صوبائی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں: عابد شیر

12 مارچ 2013


لاہور(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ رحمن ملک سیاسی مخالفت میں حد سے تجاوز نہ کریں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رحمن ملک جیسا غیر ذمہ دار وزیر داخلہ تو شاید روانڈا اور یوگنڈا میں بھی نہیں ہوتا جو وزارت داخلہ پر قابض ہوتے ہوئے حالات کی خرابی کی ذمہ داری دوسروں پر ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو وزیر داخلہ بے نظیر، شہباز بھٹی اور سلمان تاثیر کے قاتل اب تک نہیں پکڑ سکا ، جس کے دور میں کراچی اور بلوچستان معصوم اور بے گناہ لوگوں کی قتل گاہ بن گئے ہوں اسے دوسروں پر الزام لگاتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ پی پی حکومت میں صدر زرداری کے بعد ناکامیوں کی سب سے بڑی فہرست رحمن ملک کے نام ہے۔ وہ ابتر حالات کو قابو پانے کے بجائے اتحادیوں کے ترلے منتیں کرنے میں یدِ طولیٰ رکھتے ہیں۔ عابد شیر علی نے رحمن ملک کو مشورہ دیا کہ وہ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کریں اور صوبائی اور علاقائی معاملات میں مداخلت سے گریز کریں اور ملک کو درپیش سنگین حالات میں مزید مذہبی اور صوبائی تعصب پھیلانے سے باز رہیں ۔