تحریک انصاف کے مرکزی عہدیداروں کا الیکشن 21مارچ تک کرانے کا فیصلہ

12 مارچ 2013


لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین، وائس چیئرمین، صدر، سیکرٹری جنرل اور نائب صدور کے عہدیداروں کے انتخابات 21 مارچ تک منعقد کروانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پارٹی کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین عمران خان بلامقابلہ منتخب ہو جائیں گے جبکہ باقی نشستوں پر انتخابات ہونے کا امکان ہے۔ وائس چیئرمین کے عہدے کے لئے مخدوم شاہ محمود قریشی کے علاوہ کوئی اور امیدوار سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم پارٹی کے سیکرٹری جنرل عارف علوی ان کے مقابلے میں الیکشن لڑ سکتے ہیں۔ مرکزی صدر کے عہدے پر عمر سرفراز چیمہ نے مخدوم جاوید ہاشمی کا مقابلہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ چیئرمین و صدر سمیت مرکزی عہدیداران کے چناﺅ کے لئے الکیٹرول پول چاروں صوبائی صدور، تمام ضلعی صدور اور ریجنل صدور پر مشتمل ہو گا جن کی تعداد لگ بھگ ڈھائی سو بنتی ہے۔ واضح رہے کہ نومنتخب پارٹی عہدیداران 23 مارچ کو مینار پاکستان پر حلف لیں گے۔