وٹو کی کرپشن سے بچہ بچہ واقف ہے، الیکشن میں سیاسی حیثیت کا اندازہ ہو جائیگا: رانا ثنا

12 مارچ 2013

لاہور (ثناءنیوز) صوبائی وزیرقانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام ابن الوقت سیاستدان منظور وٹو کے ماضی سے بخوبی واقف ہیں۔ عام انتخابات میں عبرتناک شکست کے بعد منظور وٹو اور ان جیسے دیگر چور لٹیرے اپنے سیاسی انجام کو پہنچ جائیں گے۔ بیواﺅں اور بیت المال کے فنڈز ہڑپ کرنے والے منظور وٹو عوامی احتساب سے نہیں بچ سکیں گے۔ منظور وٹو کے بیان پر اپنے ردعمل میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عام انتخابات میں منظور وٹو کو اپنی سیاسی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا۔ ان کی کرپشن سے پاکستان کا بچہ بچہ واقف ہے۔ حیرت ہے کہ پانچ سالہ بیڈگورننس ، لوٹ مار اور بدعنوانی کے باوجود منظور وٹو اور پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما پھر حکومت بنانے کے خواب دیکھ رہے ہیں، لیکن عوام انتخابات میں چوروں اور لٹیروں کے اس گروہ کا وہ حشر کریں گے کہ یہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت نے پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کے کے اوسان خطا کر دیئے اور اب یہ سب مل کر مسلم لیگ (ن) کا راستہ روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔