بروقت انتخابات ہونے کے 60فیصد امکانات ہیں: پیر پگاڑا
مظفر گڑھ + سنانواں (نامہ نگار) پیر صبغت اللہ راشدی پیر صاحب پگاڑا شریف سوموار کو سنانواں کھر غربی پہنچے جہاں پر انہوں نے سابق گورنر پنجاب ملک غلام مصطفےٰ کھر کے بھائی ملک عربی کھر کی وفات پر ان سے تعزیت کی اس موقع پر ملک نور ربانی کھر اور دیگر سیاستدان بھی موجود تھے اس موقع پر انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سندھ کے ساتھ ساتھ جنوبی پنجاب میں بھی فنکشنل لیگ کو پذیرائی مل رہی ہے۔ جبکہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی صورتحال غیریقینی ہے۔ حالات یونہی ابتر رہے تو الیکشن مہم بھی نہیں چل سکے گی۔ تاہم انتخابات منعقد ہونے کے 60فیصد امکانات موجود ہیں پیر پگاڑا نے کہا ہے کہ پوری قوم جمہوریت کا تسلسل چاہتی ہے ہماری بھی خواہش اور دعا ہے کہ ہمارے ملک میں جمہوری نظام پروان چڑھے اور انتخابات اپنے وقت پر منعقد ہوں مگر بدقسمتی سے اس وقت ملک میں حالات کافی پریشان کن ہیں۔