پنجاب،خیبرپی کے اور بلوچستان میں امن و امان کی رپورٹس چیف الیکشن کمشنر کو پیش
اسلام آباد (آئی این پی) پنجاب، خیبرپی کے اور بلوچستان کے صوبائی الیکشن کمشنرز نے پولنگ سٹیشنز کی مجموعی صورت حال سے متعلق رپورٹ چیف الیکشن کمشنر کو پیش کر دی ہے، پنجاب کے الیکشن کمشنر نے رپورٹ میں موجودہ انتظامیہ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں الیکشن کے دوران غیر جانبدار انتظامیہ کی ضرورت ہے تاہم پولنگ ڈے پر امن و امان کی مجموعی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ نہیں، 4 ہزار پولنگ سٹیشنز کو حساس بھی قرار دیا گیا ہے جبکہ خیبر پی کے، کے الیکشن کمشنر نے رپورٹ میں امن و امان کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں پولنگ ڈے پر دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے۔ ادھر بلوچستان کی مجموعی صورت حال کے پیش نظر صوبائی الیکشن کمشنر نے پیش کردہ رپورٹ میں کہا ہے کہ الیکشن کمشن کو ان خطرات سے نمٹنے کے لئے پولنگ ڈے پر خصوصی اقدامات کرنا ہوں گے۔