الخدمت فاونڈیشن کے وفد کا بادامی باغ جوزف کالونی کا دورہ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) الخدمت فاﺅنڈیشن پاکستان کے 12 رکنی وفد نے میاں بابر حمید کی سربراہی میں سانحہ بادامی باغ سے متاثرہ جوزف کالونی کا دورہ کیا اور متاثرہ مسیحی خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ الخدمت فاﺅنڈیشن لاہور کے صدر میاں بابر حمید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاﺅنڈیشن مشکل کی اس گھڑی میں مسیحی برادری کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ میاں بابر حمید نے کہا کہ الخدمت فاﺅنڈیشن کی جانب سے مسیحی متاثرین کے لئے میڈیکل کیمپ کا انعقاد کر دیا گیا ہے جس میں 1 ڈاکٹر اور 2 پیرا میڈیکل سٹاف خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کیمپ میں متاثرین کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جس سے اب تک 160 سے زائد مریض استفادہ حاصل کر چکے ہیں۔ الخدمت فاﺅنڈیشن پنجاب کے ریلیف انچارج حافظ عرفان حفیظ نے کہا کہ الخدمت فاﺅنڈیشن کے رضاکاروں نے متاثرہ مسیحی خاندانوں کے گھر سے سامان نکالنے میں مدد کی اور 500 متاثرین کے لئے صاف پانی اور چائے کا بندوبست بھی کیا ہے اور کل سے 117 متاثرہ خاندانوں میں گھریلو سامان کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔