جماعت اسلامی کسی مسلک اور فرقے کی نہیں‘ اللہ اور رسول کی دعوت دیتی ہے: حافظ ادریس

12 مارچ 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما اور تربیتی کمیٹی کے سربراہ حافظ محمد ادریس نے منصورہ میں منعقدہ جماعت اسلامی کی پانچ روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے شرکا پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیاں مکمل طور پر قرآن و سنت کے تابع کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت کسی مسلک اور فرقے کی طرف نہیں ، اللہ اور اس کے رسول کی طرف دعوت دیتی ہے ۔ ہم اللہ کی زمین پر اللہ کا قانون نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے لئے ریاست کے امور و معاملات ان دیانت دار، اہل اور ایمان دار لوگوں کے ہاتھ میں دینا ضروری ہے جو عدل و انصاف قائم کر سکیں۔ انہوں نے کہا یہ دنیوی سیاست نہیں بلکہ عین دین ہے ۔ آج ہمارے دکھوں کا اصل اور بنیادی سبب ہی یہ ہے کہ اللہ اور اس کے دین کے باغی اقتدار پر قابض ہیں۔ ہم اس ملک میں پرامن انقلاب کے داعی ہیں۔ تربیت گاہ سے جماعت اسلامی کے نائب امیر ڈاکٹر محمد کمال نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ گھروں کا ماحول اسلام کے مطابق ڈھالنا ہماری اولین ذمہ داری ہے ۔ اس کے بعد پورے معاشرے کو اصلاح کے راستے پر ڈالنا اور فساد کو جڑ سے اکھاڑ دینا ممکن ہو گا۔ تربیت گاہ سے جماعت کے مرکزی ناظمِ انتخاب ظفر جمال بلوچ نے بھی خطاب کیا۔