اسلام صبر و تحمل اور درگزر کا درس دیتا ہے: مجاہد عبدالرسول

12 مارچ 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر مولانا مجاہد عبدالرسول خان نے کہا کہ مسیحی برادری سمیت پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل حقوق اور تحفظ حاصل ہے ، واقعہ بادامی باغ میں توہین رسالت کا مقدمہ درج اور ملزم گرفتار ہونے کے بعد ہنگامہ آرائی منصوبہ بندی کے تحت کرائی گئی۔ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے علماءاور مذہبی سکالرز پر مشتمل پینل تشکیل دے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صوفیاءکرام کی تعلیمات کو عام کرنا ہو گا، اسلام نے ہمیشہ صبر و تحمل اور درگزر کا درس دیا ہے ۔ تمام اقلیتوں کو تحفظ دینا حکومت اور مسلمان شہریوں کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے ایک مخصوص لابی ملک میں افراتفری پھیلا رہی ہے ۔ اس موقع پر لاہور سٹی کے صدر محمد طاہر قادری، محمد نواز قادری و دیگر نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکلات میں گھرا ہوا ہے ۔ تمام مذاہب اور مسالک کو اتفاق اور یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرنا ہو گا۔