شوکت خانم ہسپتال کے زیراہتمام فیسٹیول آف لائف کا انعقاد

12 مارچ 2013

لاہور (نیوز رپورٹر) شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر میں گزشتہ روز ملک کی فیشن انڈسٹری سے منسلک ہسپتال کے خیر خواہوں کی طرف سے ”فیسٹیول آف لائف“ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد پشاور میں زیر تعمیر ملک کے دوسرے شوکت خانم کینسر ہسپتال کیلئے فنڈریزنگ تھا۔ بھرپور تفریح اور فیشن سے لیس اس فیسٹیول میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملک کے 60 بڑے فیشن ڈیزائنرز کے کپڑوں کی نمائش کی گئی اور تمام معروف ڈیزائنرز کے عطیہ کردہ کپڑوں اور لیڈیز شوز کے سٹال لگائے گئے، اس کے ساتھ ساتھ بچوں کیلئے پلے ایریا اور فوڈ کورٹ کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ فیسٹیول میں ملک کی مشہور شوبز شخصیات نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ جن میں ٹی وی آرٹسٹ نادیہ جمیل، ثانیہ سعید، فیصل رحمن اور مشہور گلوکار ابرارالحق شامل تھے۔