ڈھاکہ: پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپیں‘ بی این پی کے کئی اہم رہنما گرفتار

12 مارچ 2013

ڈھاکہ (اے ایف پی ) بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپوں کے بعد اہم اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے ہیڈ کوارٹر پر دھاوا بول کر اہم رہنماﺅں کو گرفتار کر لیا۔ ان رہنماﺅں میں بی این پی کے قائم مقام سیکرٹری جنرل فخرالاسلام عالمگیر چیف پارلیمانی وہپ ڈھاکہ کے سابق میئر اور فضائیہ کے سابق سربراہ سمیت دو سابق وزراءبھی شامل ہیں۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی کے ہیڈ کوارٹرز سے 10دیسی ساختہ چھوٹے بم بھی قبضے میں کر لئے گئے۔ پولیس نے یہ گرفتاریاں بی این پی کی ریلی کے دوران 4 چھوٹے بم دھماکوں کے بعد کیں۔ ان دھماکوں کے بعد 5 ہزار مظاہرین اور پولیس کے درمیان ایک گھنٹے تک شدید جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ربڑ کی گولیاں استعمال کی گئیں۔ بی این پی اپنی اتحادی جماعت اسلامی کے رہنماﺅں کے خلاف مبینہ جنگی جرائم کے الزامات میں مقدمات چلانے کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔