سپریم کورٹ : وزیراعلی سندھ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

12 مارچ 2013

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت عدلیہ کے کنڈکٹ پر اسمبلی میں بات نہیں کی جا سکتی مگر وزیراعلی نے ایسا کیا اس لئے ان کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے، سید محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلی سندھ نے اسمبلی میں کہا کہ سانحہ عباس ٹاﺅن میں انہیں سنا نہیں گیا اور عدالت نے فیصلے کے لئے پہلے سے ذہن بنا رکھا تھا، عدالت نے دو گھنٹوں میں فیصلہ کیا جو سمجھ سے باہر ہے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے انور منصور بطور وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ اس لئے وزیراعلی کا یہ کہنا درست نہیں کہ حکومت کو سنا نہیں گیا جبکہ وہ خود بھی دوران سماعت پیش ہو سکتے تھے، عدالت نے کسی کو روکا نہیں تھا۔