سینٹ مجلس قائمہ نے بجلی بریک ڈاﺅن کی رپورٹ طلب کر لی
اسلام آ باد (خبر نگار خصو صی) سینٹ مجلس قائمہ برائے پانی و بجلی نے ملک بھر میں بجلی کے بریک ڈاﺅن بارے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پیر کو کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاﺅس میں سینیٹر محمد زاہد خان کی صدارت میں ہوا۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اجلاس میں گزشتہ اجلاس کی سفارشات پر عملدرآمد، گول ان گول، کرم تنگی، واسو ڈیم کی تعمیر سمیت پچھلے دنوں ہونیوالے بجلی کے بریک ڈاﺅن پر غور کیا گیا۔ کمیٹی نے بجلی کی ترسیلی کمپنیوں میں ڈیپوٹیشن پرنان ٹیکنیکل ملازمین کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ماسوائے ٹیکنیکل ملازمین جن کی اشد ضرورت ہے باقی تمام ڈیپوٹیشن پر آئے ہوئے ملازمین کو ان کے محکموں میں واپس بھجوایا جائے۔ اجلاس میں ڈسکوز ملازمین کی محکمانہ ترقیوں کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔