مسیحیوں کے گھر جلانے، توہین رسالت کرنیوالوں کو سخت سزا دی جائے انجمن تاجران لاہور کا مطالبہ

12 مارچ 2013

لاہور (خصوصی رپورٹ) بادامی باغ واقعہ کا تاجر تنظیم کے الیکشن سے کوئی تعلق نہیں، تاجر برادری کو ہراساں نہ کیا جائے ، تاجر امن پسند طبقہ ہے، مسیحی برادری کے گھروں کو آگ لگانے اور توہین رسالت کرنیوالوں کو سزا دی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران لاہور کے عہدیداروں نے روزنامہ انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انجمن تاجران لاہور کے جنرل سیکرٹری حاجی طاہر نوید، چیئرمین اسلم رضا بٹ اور کشمیری بازار اعظم کلاتھ مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری حاجی ارشد نے کہا کہ مصری شاہ لوہا مارکیٹ میں ہونے والے الیکشن کا بادامی باغ واقعہ سے کوئی تعلق نہیں یہ صرف اور صرف توہین رسالت کے ردعمل میں ہوا۔ مسیحی برادری کے گھروں کو آگ لگانا زیادتی ہے، آگ لگانے والوں کو سزا دی جائے اس آگ میں تاجروں کے گھروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاجروں کو ہراساں نہ کیا جائے ، تاجر امن پسند طبقہ ہے۔ توہین رسالت کرنے اور گھروں کو آگ لگانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔