حکومتی پالیسیوں کیخلاف سی این جی ایسوسی ایشن آج سے بھوک ہڑتال کریگی
لاہور(نیوز رپورٹر)آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے حکومت کی پالیسیوں کے خلاف آج منگل 12بجے سے اسلام آباد میں بھوک ہڑتال شروع کر رہی ہے جس کے دوران حکومت کی سی این جی دشمن پالیسیوں، پنجاب میں پانچ روزہ گیس لوڈ شیڈنگ کے خلاف پر امن احتجاج ہوگا۔ اس بات کا اعلان چئیرمین سپریم کونسل آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث عبداللہ پراچہ نے یہاںجاری ہونے والے ایک بیان میں کیا۔ غیاث پراچہ نے کہا کہ متعلقہ ادارے سی این جی مالکان کو مسلسل ہراساں کر رہے ہیں جبکہ پنجاب میں پانچ دن کی سی این جی لوڈ شیڈنگ کر کے آٹھ کروڑ عوام کو سزا دی جا رہی ہے۔ سی این جی سیکٹر کو ختم کرنے کے لئے حکومت کے بعض عناصر نے پٹرولیم اورمائع گیس مافیا سے گٹھ جوڑ کر کے ملک بھر میں سی این جی آپریٹرز کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ ملکی تاریخ میں وزارت پٹرولیم میں کبھی اتنے گھپلے نہیں ہوئے جتنے اس دور میں ہوئے ہیں جس نے ملک کی بنیادیں ہلا دی ہیں۔ غیاث پراچہ نے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں گیس لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم اور سی این جی شعبہ کے خلاف اٹھائے گئے تمام اقدامات فوراً واپس لئے جائیں۔