پیپلزپارٹی کے وزرا بے بنیادبیان بازی کر رہے ہیں : پرویز ملک

12 مارچ 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) ممبر قومی اسمبلی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے وزراءاپنی گرتی ہوئی مقبولیت کو سہارا دینے کے لئے بیان بازی کر رہے ہیں۔ درحقیقت پنجاب میں گورننس کی فکر کرنے کی بجائے پیپلزپارٹی کے وزراءکو وفاق اور سندھ کی خبر لینا چاہئے جہاں آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحمن ملک جلدی کا مظاہرہ نہ کریں اور تھوڑا سا انتظار کر لیں۔ انہیں اور ان کی جماعت کو الیکشن میں اپنی حیثیت کا بخوبی اندازہ ہو جائے گا۔پرویزملک نے کہا کہ جہاں تک جوزف کالونی کے افسوسناک واقعہ کا تعلق ہے پنجاب حکومت نے نہ صرف ذمہ داری قبول کی بلکہ کسی تاخیر کے بغیرفوری طور پر امدادی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا اور وزیراعلیٰ پنجاب نے تعمیرات کا 24گھنٹے کے اندر اندر آغاز بھی کروا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر معاملے کو سیاسی فائدے کے لئے استعمال کرنا راجہ ریاض اور رحمن ملک کا وطیرہ رہا ہے لیکن انہیں کم از کم اقلیتی بھائیوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے سے گریز کرنا چاہئے۔