سری لنکا کے خلاف بنگلہ دیشی بلے باز مشفق کی ڈبل سینچری

12 مارچ 2013

گال (اے پی پی) سری لنکا اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا کی جانب گامزن ہوگیا، گال ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 68 رنز کی برتری کے ساتھ 638 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی، کپتان مشفق الرحیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ڈبل سنچری سکور کی ، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے بنگلہ دیشی کھلاڑی ہیں، محمد اشرفل 190 اور ناصر حیسن 100 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔ نوان کلاسیکرا، شمندا ارنگا، رنگنا ہیراتھ، اجنتھا مینڈس اور تلکرتنے دلشان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا نے کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 116رنز بنا لئے اور اسے 48رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ تلکرتنے دلشان 63 اور کمار سنگا کارا 49 رنز پر ناٹ آﺅٹ ہیں۔ پیر کو گال کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیش نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 438 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو محمد اشرفل 189 اور مشفق الرحیم 152 رنز پر ناٹ آﺅٹ تھے، محمد اشرفل بدقسمت رہے اور گزشتہ روز کے سکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرنے کے بعد رنگنا ہیراتھ کی گیند پر اینجلو میتھیوز کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ اس کے بعد مشفیق الرحیم اور ناصر حسین نے 106 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 550 تک پہنچا دیا۔ مشفق الرحیم نے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری سکور کی اور 200 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد نوان کلاسیکرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ سوہاگ غازی ساتویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 21 رنز بناکر اجنتھا مینڈس کا شکار بنے۔ ناصر حسین نے کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی اور 100 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد تلکرتنے دلشان کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ الیاس سنی صفر اور شہادت حسین 13 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔ اس طرح بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 68 رنز کی برتری کے ساتھ 638 رنز بناکر آﺅٹ ہو گئی۔ سری لنکا کی جانب سے نوان کلاسیکرا، شمندا ارنگا، رنگنا ہیراتھ، اجنتھا مینڈس اور تلکرتنے دلشان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ کھیل کے اختتام تک میزبان سری لنکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 116 رنز بنا لئے اور اسے 48 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سری لنکا کے واحد آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی دیمتھ کرونا رتنے تھے جو 3 رنز بنا کر شہادت حسین کی گیند پر ابوالحسن کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ تلکرتنے دلشان 63 اور کمار سنگا کارا 49 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں۔