پاکستان، ایران گیس منصوبے کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے، لاہور چیمبر آف کامرس

12 مارچ 2013

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاک ایران گیس پائپ لائن کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ منصوبے کی جلد تکمیل یقینی بنائے گی۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق افتخار نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حکومت پر زور دے رہا ہے کہ وہ توانائی کا بحران حل کرنے کے لیے فوری طور پر اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے کیونکہ بحران کی وجہ سے صنعت و تجارت بہت بُری طرح متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے صنعتی یونٹس بجلی و گیس کی قلت کی وجہ سے بند ہوچکے ہیں اور مزید بندش کے دہانے پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ بھی توانائی کے بحران کی تباہ کاریوں سے محفوظ نہیں جس کی وجہ سے ملکی معیشت بہت بُری طرح متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران کے حل میں ایران اہم کردار ادا کرسکتا ہے لہذا نے تمام دباﺅ یکسر مسترد کرکے بہترین قدم اٹھایا ہے۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل یقینی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔