ویل ڈن شہباز شریف، صوبائی کابینہ کا وزیراعلیٰ کو زبردست خراج تحسین

12 مارچ 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو ان کی پانچ سالہ کارکردگی اور ریکارڈ عوامی خدمت پر پنجاب کابینہ کے اجلاس میں صوبائی وزراءاور مشیران نے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ سینئر مشیر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے عوامی خدمت کی اعلیٰ اور شاندار روایات قائم کی ہیں۔ شفافیت اور میرٹ کو فروغ دے کر صوبے میں کرپشن کا خاتمہ کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ جس طرح آپ نے عوام کی خدمت کی ہے عام انتخابات کے بعد بھی آپ ہی وزیراعلیٰ ہوں گے۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مجھے یہ بات کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ آپ بہت نیک نیت انسان ہیں سچ اور صحیح بات کے علمبردار ہیں۔ مخالفین کہتے ہیں کہ آپ نے کسی کو اختیارات نہیں دیئے اور میں کہتا ہوں کہ واقعی شہبازشریف نے کسی کو غلط کام کرنے اور کرپشن کرنے کے اختیارات نہیں دیئے۔ مشیر راجہ اشفاق نے کہا کہ آپ ٹرینڈ سیٹر ہیں آپ نے وہ کیا ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ صوبائی وزیر چودھری عبدالغفور نے بھی وزیراعلی ٰ کو ان کی کارکردگی پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔