ارباب رحیم کے استقبال کیلئے ہمخیال رہنماﺅں کی لاہور آمد‘ آج رات پونے دو بجے امارات کی پرواز کے ذریعے دبئی سے لاہور پہنچیں گے

12 مارچ 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعلیٰ سندھ اور مسلم لیگ ہمخیال کے صدر ارباب غلام رحیم خود ساختہ جلاوطنی ختم کر کے آج منگل کی شب پونے دو بجے امارات ائر لائنز کی پرواز ای کے 622 (EK622) کے ذریعے دوبئی سے لاہور پہنچیں گے ۔ پارٹی لاہور ائر پورٹ پر ان کے استقبال کی تیاریاں کر رہی ہے تاہم رات گئے آمد کے باعث ان کا استقبال واجبی سا ہی ہو سکے گا تاہم سندھ بلوچستان اور خیبر پی کے سے مسلم لیگ ہمخیال کے رہنما ارباب غلام رحیم کے استقبال کے لئے لاہور پہنچا شروع ہو گئے ہیں۔ پیر کی شب بلوچستان مسلم لیگ ہمخیال کے صدر میر مکرم زہری لاہور پہنچ گئے جبکہ پارٹی چیئرمین حامد ناصر چٹھہ چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی سلیم ایف اللہ، سیکرٹری جنرل ہمایوں اختر خان کے علاوہ دیگر رہنما میاں محمد آصف ناصر محمود چودھری، رضوان شیخ، عمران احمد خان پہلے ہی سے لاہور میں موجود ہیں۔ کل بدھ کو چار بجے شام الحمرا ہال نمبر 1میں مسلم لیگ ہمخیال کے جلسے میں ارباب غلام رحیم اپنے مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔ معلوم ہوا ہے کہ ارباب غلام رحیم کا لاہور ائر پورٹ پر استقبال کرنے والوں میں چیئرمین حامد ناصر چٹھہ سیکرٹری جنرل ہمایوں اختر خان، چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی سلیم سیف اللہ، صدر پنجاب میاں عطا مانیکا، صدر سندھ ارباب ذکااللہ، صدر خیبر پی کے محمد ریاض، صدر بلوچستان میر مکرم زہری، پنجاب کے نمایاں رہنما میاں محمد آصف، کشمالہ طارق، ناصر محمود ایڈووکیٹ، شیخ رضوان، عمران احمد خان و دیگر شامل ہوں گے ۔