ہائیکورٹ: کاغذات نامزدگی میں نادہندگی چھپانے پر جہانزیب کھچی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل

12 مارچ 2013

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے پی پی239 وہاڑی سے آزاد رکن صوبائی اسمبلی جہانزیب خان کھچی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے الیکشن کمشن سے آئندہ ہفتے جواب طلب کرلیا ہے۔ فاضل عدالت نے اس سلسلے میں دائر رٹ پٹیشن کی سماعت کا آغاز کیا تو درخواست گذار کی طرف سے ان کے کونسل نے فاضل عدالت کو اپنے دلائل میں بتایا کہ پی پی 239 سے ضمنی الیکشن جہانزیب خان کھچی بنک کے نادہندہ ہیں۔ انھوں نے حقائق چھپا کر الیکشن میں حصہ لیا اور اپنے کاغذات نامزدگی میں اپنی نادہندگی کا ذکر نہیں کیا۔ اس طرح وہ آئین کے آرٹیکل62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے اور وہ اس عہدے کی مطلوبہ اہلیت کے مطابق صادق اور امین بھی نہیں رہے لٰہذا عدالت جہانزیب کھچی کو حقائق چھپانے پر نااہل قرار دے۔ فاضل عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد جہانزیب کھچی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے الیکشن کمشن اور رکن اسمبلی سے آئندہ ہفتے جواب طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے رکن اسمبلی کو تاحکم ثانی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے بھی روک دیا ہے۔