اقلیتوں پر حملے باعث تشویشناک‘ حکومت پاکستان تحفظ کیلئے اقدامات کرے: اقوام متحدہ
اسلام آباد (آن لائن) اقوام متحدہ نے کوئٹہ‘ کراچی اور لاہور میں ہونے والے حالیہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے باعث تشویشناک ہیں حکومت پاکستان اور سیاسی قوتیں معاشرے کے مختلف طبقات میں ہم آہنگی اور امن کو فروغ دیں اور اقلیتوں کے تحفظ اور بقا کیلئے اقدامات کئے جائیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون اور اقوام متحدہ پاکستان متاثرہ خاندانوں اور تمام پاکستانیوں کے غم میں شریک اور تعزیت کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ پاکستان کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر تیموپکالا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تمام بنی نوع انسان کو ان کی مذہبی‘ سیاسی اور نسلی عقائد کے ساتھ زندگی گزارنے کا یکساں حق حاصل ہے، یہ امر باعث تویش ہے کہ پاکستان میں ایک سال کے دوران سینکڑوں مذہبی اور نسلی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنا گیا اور موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔ اقلیتوں کو اپنے مذہبی اور نسلی تشخص کے ساتھ زندگی گزارنے کی پوری آزادی حاصل ہے۔ مزید یہ کہ پاکستان کے آئین کا آرٹیکل 36 بھی واضح طور پر اقلیتوں کے تحفظ اور حقوق کی پاسداری کی ضمانت دیتا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان میں مذہبی اور نسلی اقلیتوں پر حالیہ حملوں میں ملوث اور ان کی ذمہ داری قبول کرنے والوں کے خلاف فوری اور م¶ثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ حکومت پاکستان اور عوام کو اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی کوششوں میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہے۔