افغانستان: افغان اہلکار کی فائرنگ 2 امریکی کمانڈو ہلاک، 10زخمی

12 مارچ 2013

کابل (نوائے وقت نیوز+ اے ایف پی+ بی بی سی) افغان پولیس اہلکار نے فائرنگ کرکے 2 امریکی فوجی کمانڈوز کو ہلاک اور 10زخمی کر دئیے۔ بتایا جاتا ہے صوبہ وردک کے ایک فوجی بیس پر واقعہ پیش آیا۔ کئی افغان اہلکار بھی مارے گئے۔ ذرائع کے مطابق کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان میں امریکی فوج کے خصوصی دستوں کے دو ارکان شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور نے امریکی اور افغان کمانڈوز کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ پیر کی صبح ملنے کے لئے اکٹھے ہوئے۔کابل میں موجود بی بی سی کے کوئنٹن سمرویل کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات سے لگتا ہے کہ یہ کسی افغان اہلکار کی جانب سے غیرملکی فوجیوں یا اپنے ساتھیوں کو نشانہ بنائے جانے کی اہم ترین وارداتوں میں سے ایک ہے۔ افغان صوبہ وردک وہی صوبہ ہے جہاں موجود امریکی فوج کے خصوصی دستوں کو افغان حکومت نے اپنے فوجیوں پر تشدد اور ان کی گمشدگیوں کی خبروں کے بعد چلے جانے کو کہا تھا۔ ادھر افغان دارالحکومت کابل میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایساف کے ایک قافلے میں شامل فوجیوں کی فائرنگ سے دو شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ہے۔