یورپی یونین نے انتخابات کی نگرانی کیلئے مبصرین بھجوانے کی پیشکش کر دی

12 مارچ 2013

برسلز (اے این پی/ نوائے وقت نیوز) یورپی یونین نے پاکستان میں انتخابات کی نگرانی کیلئے مبصرین بھجوانے کی پیشکش کی ہے۔ یورپی یونین کے مطابق مبصرین بھجوانے کا مقصد پُرامن، قابل اعتماد اور تمام فریقین کیلئے قابل قبول انتخابی عمل کو یقینی بنانا ہے۔ یورپی یونین کے وزراءخارجہ کے اجلاس کے بعد ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین چاہتی ہے کہ مئی میں ہونے والے تاریخی انتخابات شفاف، پُرامن اور پاکستانی قوم کیلئے قابل قبول ہوں اس مقصد کے حصول میں مدد کیلئے 27ممالک کی پوری یونین انتخابی مبصر مشن کی تعیناتی کیلئے تیار ہے۔ پاکستان میں مشن کی تعیناتی جمہوری عمل کی حمایت کا حصہ ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اگلی حکومت کے ساتھ تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں۔ توقع ہے کہ پاکستان کے تعاون سے تیسرے پاکستانی یورپی یونین سربراہ اجلاس کی راہ ہموار ہو گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین محفوظ افغانستان کے لئے پاکستان کے تعمیری کردار کا خیرمقدم کرتی ہے۔ پاکستان کو قدرتی آفات کے باعث پیدا شدہ اقتصادی مشکلات پر قابو پانے کیلئے یورپی یونین نے اپنی مارکیٹ تک بہتر رسائی دی ہے۔