کراچی: بم دھماکے میں باپ‘ بیٹا جاں بحق‘ 9 افراد زخمی

12 مارچ 2013

کراچی (کرائم رپورٹر+نوائے وقت نیوز) لانڈھی کے علاقے خرم آباد رحمانیہ مدرسے کے قریب پان کے کیبن میں دھماکے کے نتیجے میںباپ بیٹا جاں بحق جبکہ9 زخمی ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق لانڈھی تھانے کی حدود لانڈھی نمبر 2خرم آبادگڈو پان شاپ پر بم دھماکہ ہوا۔پان کی دکان کا مالک شمشیر عرف گڈو اور اس کا بیٹا 12سالہ عالیان کیبن کے نیچے رکھے گئے دھماکا خیز مواد پھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔ عینی شاہدین کے مطابق مشکوک شخص نے پان کے کیبن سے سگریٹ خریدا اور پیکٹ کیبن کے نیچے رکھ دیا اور وہ سگریٹ جلاکر کیبن سے کچھ فاصلے پر گیا تو دھماکہ ہوگیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ،متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لانڈھی بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ سے واقعہ کی فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔ادھر رینجرز اور پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے 17 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ رینجرز نے گارڈن کے علاقے دھوبی گھاٹ اور عثمان آباد میں سرچ آپریشن کیا جبکہ پولیس نے اورنگی ٹاﺅن کے علاقے فقیر کالونی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی اور چھاپے مار کر 10 افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا۔