اوکاڑہ: بجلی کے زائد بل آنے پر واپڈا حکام کے خلاف لوگوں کا مظاہرہ، دھرنا

12 مارچ 2013

اوکاڑہ (نامہ نگار) بجلی کے زائد بل بھجوائے جانے پر واپڈا حکام کے خلاف سینکڑوں مرد و خواتین نے سٹی ایس ڈی او واپڈا کے دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا جبکہ خواتین نے سینہ کوبی کی۔ سیٹھ کالونی، حسین کالونی، گورنمنٹ کالونی اور ملحقہ علاقوں کے سینکڑوں خواتین اور مردوں نے صحافیوں کو بتایا سٹی سرکل کے میٹر ریڈر اور عملہ کے دیگر افراد بغیر ریڈنگ کے گھر بیٹھے ہی اضافی یونٹ ڈال کر بل بھجوا دیتے ہیں اور بل ٹھیک کروانے والوں سے رویہ درست نہیں ہوتا جبکہ بل ٹھیک کروانے کےلئے رشوت بھی دینا پڑتی ہے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی سے مطالبہ کیا ایس ڈی او سٹی اظہر الدین اور ان کے کرپٹ عملہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔