حج کرپشن کیس: ایف آئی نے یوسف گیلانی کو پرسوں طلب کر لیا

12 مارچ 2013

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) ایف آئی اے کے جج کرپشن کیس کی تحقیقاتی افسر حسین اصغر نے سابق وزیراعظم گیلانی کو زین سکھیرا کے ساتھ 14 مارچ کو طلب کر لیا ہے۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا ہے کہ گیلانی کو تیسرا اور آخری نوٹس جاری کیا گیا ہے اگر وہ پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا۔ سابق وزیراعظم گیلانی کے ملتان والے گھر میں آخری تیسرا نوٹس بھجوایا گیا ہے جب کہ ایف آئی اے کے حکام نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے 18 افسروں کے خلاف کرپشن تحقیقات شروع کر دی ہے 13 افسران گزشتہ روز ایف آئی اے حکام کے سامنے پیش ہوئے تھے جب کہ 5 افسران کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں ان افسران کو سابق چیئرمین نیشنل ہائی وے جاوید اقبال نے کرپشن میں ملوث ہونے پر معطل کیا تھا جب کہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے چیئرمین نیشنل ہائی وے جاوید اقبال کو عہدے سے ہٹا کر ان افسران کو بحال کر دیا تھا۔