پیپلزپارٹی کے اقلیتی ایم پی اے پرویز رفیق نے اپنا استعفیٰ اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دیا

12 مارچ 2013

 لاہور (خصوصی نامہ نگار/ خبر نگار) پیپلزپارٹی اقلیتی ونگ پنجاب کے صدر و رکن پنجاب اسمبلی پرویز رفیق نے مسیحیوں کی آبادی کو جلائے جانے پر احتجاجاً اپنا استعفیٰ گذشتہ روز اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادیا۔ پرویز رفیق نے ہفتہ کے روز مال روڈ پر احتجاج کے دوران استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔ استعفیٰ دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رفیق نے کہا کہ بادامی باغ جوزف کالونی میں مسیحیوں کے گھروں کو جلانا قابل مذمت اور پنجاب حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے پر احتجاجاً استعفے دیا ہے اور مسیحیوں کے حقوق کے لئے انکے ساتھ مل کر سڑکوں پر جدوجہد کروں گا۔