باغبانپورہ: نامعلوم شخص کی مسجد میں گھس کر فائرنگ، امام زخمی

12 مارچ 2013

لاہور (نامہ نگار) باغبانپورہ کے علاقہ میں نامعلوم شخص نے مسجد میں گھس کر امام کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا اور فرار ہوگیا، زخمی امام مسجد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تاجپورہ بند روڈ باغبانپورہ میں واقع مسجد کا امام قاری محمد اکرم گزشتہ صبح مسجد میں وضو کر رہا تھا کہ اس دوران نامعلوم حملہ آور نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجہ میں قاری محمد اکرم شدید زخمی ہوگیا جبکہ حملہ آور فرار ہوگیا، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، زخمی امام کو طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اس واقعہ کے بعد سی سی پی او لاہور امجد جاوید سلیمی کی طرف سے شہر کے تمام ایس ایچ اوز کے لئے وائرلیس پر بار بار پیغام نشر ہوتا رہا کہ پھرتیلا جسم دبلا پتلا کالی پینٹ اور جیکٹ میں ملبوس نقاب پوش لڑکے کو تلاش کیا جائے جبکہ مسجدوں، امام بارگاہوں اور مزارات کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کیا جائے اور شہر کی ناکہ بندی کی جائے۔ ڈی آئی جی آپریشنز رائے طاہر نے بتایا ہے کہ تفتیش جاری ہے، بہت جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔