احتساب عدالتوں میں پنجاب بنک سمیت مختلف ریفرنسوں کی سماعت

12 مارچ 2013

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) مقامی احتساب عدالت نے ہمیش خان اور سیٹھ نثار احمد وغیرہ سولہ افراد کے خلاف دائر بنک آف پنجاب خورد برد ریفرنس کی سماعت آج 12مارچ تک ملتوی کر دی ہے۔ گزشتہ روز استغاثہ کے گواہوں کی عدم حاضری کی بناءپر ریفرنس میں کوئی پیشرفت نہ ہو سکی۔ احتساب عدالت نے سکریپ خوردبرد کے الزام میں گرفتار سابق جی ایم ریلوے سعید اختر کے جوڈیشل ریمانڈ میں 25 مارچ تک توسیع کر دی ہے۔ فاضل عدالت نے ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے نیب حکام کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ پیشی تک ملزم کے خلاف ریفرنس دائر کر دیں۔ احتساب عدالت نے شیخ محمد اصغر کے خلاف دائر بنک فراڈ ریفرنس کی سماعت 15مارچ تک ملتوی کر دی ہے۔ گزشتہ روز ماہر تحریر نے جانچ پڑتال کے لئے ملزم کے دستخطوں کا نمونہ حاصل کرلیا، جس کی رپورٹ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کی جائے گی۔