فیروز والا: لاہور بورڈ کی ٹیموں کے چھاپے، نقل کرتے متعدد طالب علم گرفتار
فیروز والا (نامہ نگار) تعلیمی بورڈ لاہور کی خصوصی ٹیم نے مختلف علاقوں میں واقع امتحانی مراکز پر چھاپے مار کر نقل اور بوٹی مافیا کی روک تھام کے سلسلے میں دوران چیکنگ متعدد طالب علموں کو نقل کرتے ہوئے پکڑ لیا جبکہ اصل امیدوار شعیب احمد کی جگہ پر اس کا دوست جمشید احمد امتحان دیتا ہوا پکڑ لیا گیا، انہیں پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے اس ضمن میں مقدمات درج کرلئے ہیں۔دوران انسپکشن چیئرمین لاہور بورڈ نے 49-A لارنس روڈ پر چھاپہ مارا جہاں پر محمد سفیر، سجاد محمود، محمد وقاص، محمد زریں اور انصر علی نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے جبکہ ایک جعلی امیدوار ولید بٹ اپنے بھائی عبدالرحمن رول نمبر 324574 کی جگہ اور ایک امیدوار شیروز سرفراز رول نمبر 324558 موبائل فون پر پرچہ حل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ دونوں کے خلاف تھانہ سول لائنز میں پرچہ درج کروا کر حوالہ پولیس کر دیا گیا۔ احسان اللہ جوکہ وکیل لیاقت کی جگہ امتحان دیتے ہوئے پکڑے گئے، دونوں کو حوالہ پولیس کر دیا گیا۔