نئے کنکشن سے قبل علاقے ،محلے میںپانی کی سپلائی ،اورفراہمی چیک کرنا لازمی قرار
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)چیئرمین واسا محمد عارف عباسی کی ہدایت پر پانی کے نئے کنکشن کے حصول کو مزید بہتر بنانے کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا)راولپنڈی محمد تنویر نے اایس او پی جاری کردیا ہے ،جس کے تحت نئے کنکشن سے قبل اس علاقے ،محلے یا گلی میںپانی کی سپلائی ،اورفراہمی کو چیک کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے ،جو اس علاقے کے ایریا اسسٹنٹ ڈائریکٹر واٹر سپلائی کی زمہ داری ہوگی،نئے تشکیل دیئے جانے والے ایس او پی کے تحت صارف پہلے درخواست واسا کے ون ونڈو آپریشن میں جمع کرائے گا،جو متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر واٹر سپلائی کو بھجوائی جائے گی ،جو ترجیحی بنیادوں پر اس گلی ،یامحلہ میں پانی کی سپلائی ،فراہمی اور پریشر کے بارے میں تفصیلی رپورٹ جمع کرائے گا،جس کے بعد ریونیو ڈیپارٹمنٹ صارف کو کنزیو مر نمبر اور ڈیمانڈ نوٹس جاری کرے گا،ڈیمانڈ نوٹس متعلقہ بنک میں جمع ہونے کے بعد واٹر سپلائی سیکشن فوری طور پر صارف کو نیا پانی کا کنکشن لگائیگا ، یہ سارا عمل صرف دس دنوں میں مکمل کیا جائے گا،واضح رہے کہ ایم ڈی واسا راولپنڈی نے یہ اقدامات بعض علاقوں میں کنکشن کے باجود پانی سپلائی نہ ہونے اور بعض علاقوں میں بغیر کنکشن کے ہی پانی کے بل موصول ہونے کی شکایات سامنے آنے کی وجہ سے اٹھائے ہیں ،جن پر عمل درآمد ہونے کے بعد ایسی شکایات کا ازالہ ہوسکے گا۔