وطن کے دفاع کیلئے پاک فوج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں: ثوبیہ کمال خان
لاہور ( لیڈی رپورٹر ) ممبر قومی اسمبلی و وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان ثوبیہ کمال خان نے کہاہے کہ وطن کے دفاع و بقاء کیلئے پاک فوج کی قربانیاں انتہائی ناقابل فراموش ہیں اور اسی طرح ارض وطن کیلئے پاک فوج کی بے مثال جدوجہد اور قربانیاں لازوال ہیں جنہیں کسی طرح بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،شہداء قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،ملک دشمن قوتوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے ملک کے غدار ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاک فوج نے ملک میں قیام امن کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں، پاک فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، جوانوں پر حملے ناقابل برداشت ہیں،وزیراعظم عمران خان امن کے دشمنوں سے ہر حال میں نمٹیں گے،دہشت گرد اوران کے سہولت کار دھرتی پر بوجھ ہیں، وطن کو امن کا گہوارہ بنانا ہوگا، افواج پاکستان قوم کا سرمایہ ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بے شمار قربانیاں دیں۔انہوں نے مزید کہاکہ شمالی وزیر ستان میں افسروں اور نوجوانوں کی شہادت سے ملکی سلامتی اور خود مختاری کی حفاظت کی ذمہ داری کا عزم مزید بڑھ گیا ہے۔