آصف زرداری،حمزہ شہبازاورالطاف حسین کی گرفتاری اللہ کی پکڑہے :امیرالعظیم
لاہور ( سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری ، حمزہ شہبازاور الطاف حسین کی گرفتاری اللہ کی پکڑ ہے اور طاقت کے گھمنڈ میں مبتلا رہنے والی اشرافیہ کے لئے اس میں غوروفکر کا بہت ساسامان ہے ۔ آصف علی زرداری کی گرفتاری پر فردوس عاشق اعوان اوران کے ہمنواجوبغلیںبجارہے ہیںان کی ڈھٹائی پر حیرت ہے، یہ لوگ توبہتی گنگا کے وقت سابق صدر کے ساتھی رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالا میں عید ملن کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع سے ضلعی امیر ڈاکٹر عبید اللہ گوہر اورسٹی گوجرانوالا کے امیر مظہر رندھاوا نے بھی خطاب کیا۔ امیرالعظیم نے کہاکہ پاکستان کی سیاسی اشرافیہ کو عد التوں نے اب تک جتنا ریلیف دیاہے اسکی کوئی مثال ماضی میں نہیں ملتی ۔ان عدالتوں میں عام آدمی خوف کے ساتھ داخل ہوتا ہے اور ذلت کے ساتھ باہر آتا ہے جبکہ بدمعاش اور لٹیرے ان عدالتوں سے وکٹری کا نشان بناتے ہوئے نکلتے ہیں۔ ۔امیرالعظیم نے کہاکہ بطور شہری اور انسان ہم کسی کی گرفتاری یا تکلیف پر خوشی کا اظہار نہیں کرسکتے لیکن یہ رہنما اپنی ماضی کی غلطیوں پر قوم سے معافی مانگیںاور آئندہ سدھرنے کی کوشش کریں۔