پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت آج ہوگی
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت آج ہوگی۔گذشتہ دو مئی ہو ہونے والی سماعت کے دوران پرویزمشرف کے وکیل نے کہا تھا کہ انہوں نے مقدمہ ختم کرنے اور بریت کی درخواست بھی دے رکھی ، وزیراعظم کا مطلب فرد واحد نہیں بلکہ پوری کیبنٹ ہے ، مشرف کے خلاف آرٹیکل 6کا مقدمہ درج کرنے کے لیئے کیبنٹ سے مشاورت نہیں کہ گئی یہ بات آن ریکارڈ ہے اس لیئے ان کے موکل کے خلاف غداری کیس ختم کیا جائے یا انہیں مقدمہ سے بری کیا جائے ۔ طاہرہ صفدر نے کہا اس حوالے سے نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو سن لیتے ہیں ۔ بعدازاںعدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پرویز مشرف کی جانب سے بریت کی درخواست پر حکومت اور استغاثہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 12 جون تک کے لیے ملتوی کردی تھی ۔ غداری کیس کی سماعت جسٹس طاہرہ صفدر کی سربراہی میں جسٹس نزر اکبر اور جسٹس شاہد کریم پر مشتمل تین رکنی بینچ کرے گا۔