بیوگان کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کیا جائے
مکرمی! بے نظیر انکم سورٹ پروگرام پی پی پی کی حکومت نے سال 2008ء میں شروع کیا تھا جو کہ اُن کا نہایت خوش آئند اقدام تھا۔ حکومت نے اپنے ایم این اے صاحبان کو فارم دئیے تاکہ وہ مستحق خواتین کو فارم دیکر اُن کی تصدیق کریں اور فارم واپس محکمہ کو ارسال کر دئیے جائیں۔ اس اقدام سے ہزاروں خواتین بیوگان کو فارم نہ دئیے گئے اور صرف اور صرف سیاسی بنیادوں پر اپنی من پسند خواتین کے نام منظور کرائے گئے۔ جس کی وجہ سے ہزاروں بلکہ لاکھوں بیوگان تاحال اس مفید پروگرام کے ثمرات سے محروم ہیں۔ جو بیوگان مستحق خواتین تاحال اس پروگرام سے محروم ہیں ان سے درخواستیں طلب کرنے کے بعد صاف شفاف سروے کے بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر متعلقہ تحصیل کو اختیار دیا جائے تاکہ وہ مستحق بیوگان کے ڈیبٹ کارڈ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جاری کر کے انہیں اس پروگرام سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کریں۔ (سید لطف علی بخاری موچھ ضلع میانوالی)