نگراں وزیر بجلی نے بجلی کی پیداوار اور شارٹ فال کے ٹھیک اعداد و شمار پیش کئے ہیں:مریم اورنگزیب
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نگراں وزیر بجلی علی ظفر نے بجلی کی پیداوار اور شارٹ فال کے ٹھیک اعداد و شمار پیش کئے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ علی ظفر نے شار ٹ فال کی وہی صورتحال بتائی جو ہم بتاتے رہے تھے، نگراں وزیر بجلی نے بھی ن لیگ حکومت کی طرح 2 ہزار میگا واٹ کا شارٹ فال بتایا ہے۔دوسری جانب نگراں وزیر کی نیوز کانفرنس پر تحریک انصاف کا سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا جیسے نگراں حکومت ن لیگ کے شدید دباو میں ہے، نگراں وزیر نے اتنی لوڈ شیڈنگ کے باوجود سب اچھا کی رپورٹ دی ہے۔اسد عمر نے کہا کہ نگراں وزیر کو اعداد و شمار بتانے ہی ہیں تو پھر سچ بتائیں اور اگر سچ نہیں بول سکتے تو دفتر میں بیٹھ کر ہی 25 جولائی تک کا وقت گزار لیں۔