ڈاکٹر مجید نظامی کا تحریک آزادی میں بے مثال کردار تعارف کا محتاج نہیں، ناصرہ اقبال
اسلام آباد(عبداللہ شاد)ڈاکٹرمجیدنظامی آزادی صحافت کے علمبردار تھے۔انہوں نے تحریک آزادی میں وہ بے مثال کردار ادا کیا جو کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ ان خیالات کا اظہار جسٹس (ر) ناصرہ اقبال نے نوائے وقت سے خصوصی بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجید نظامی کی ملک و قوم کے لئے خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں اور ان جیسے نظریاتی سرحدوں کے محافظ لوگ ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتے۔ وہ قوم کو بارباریاد دلاتے رہے کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک اسلامی، جمہوری اور فلاحی مملکت بنائے بغیر نہ ہم استحکام حاصل کر سکتے ہیں اور نہ ہی ترقی۔ ان کے مشن کو جاری رکھنے کی اشد ضروری ہے۔ انہوںنے نوجوانوں کو سبق دیا کہ وہ راست گوئی اور حق کا دامن کبھی نہ چھوڑیں تاکہ وہ مستقبل میں آگے بڑھ کر بطریق احسن ملک کی باگ ڈور سنبھال سکیں۔ جسٹس (ر) ناصرہ اقبال نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ پاکستان اور قوم کے لئے ان کی خدمات کو کسی طور نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ مجید نظامی نے معاشرے کو زندگی اور صحافت کے پیشے کو اعتبار بخشا۔ مجید نظامی کی پاکستان کے ساتھ محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ وہ ساری زندگی حق کے لئے جیتے رہے، نظریہ پاکستان کی بنیادوں کو مضبوط کیا اور پاکستانی مفادات کے ضمن میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے پاکستانی سلامتی اور مفادات کو ہر چیز پر فوقیت دی ۔مجید نظامی کی قومی، ملی،صحافتی خدمات بھی گرانقدر ہیں۔ ان کی صحافتی، سماجی اور مذہبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مجید نظامی ملک کی عظیم شخصیت تھے۔