’’ووٹ صرف بلے کا ‘‘کا نعرہ لگانے والے ٹکٹ کیلئے واویلاکیوں مچا رہے ہیں
حسن ابدال(نامہ نگار) ’’ووٹ صرف بلے کا ‘‘کا نعرہ لگانے والے آج ٹکٹ کے لیے واویلہ کیوں مچا رہے ہیں۔عمران خان کے ویژن کو ماننے والے ان کا فیصلہ بھی کھلے دل سے قبول کریں۔میرٹ پر ٹکٹ کے فیصلے کر کے عمران خان نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ حقیقی جمہوریت کے حامی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار محمد بلال ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شمالی پنجاب پاکستان نے اپنے دورہ حسن ابدال کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میجر طاہر صادق کی مقبولیت سے مخالفین خوفزدہ ہیں اسی لیے وہ میجر طاہر صادق کو ٹکٹ ملنے پر پریشان دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا حقیقی ورکر اپنے لیڈر کے ہر فیصلے پر لبیک کہ رہا ہے اور آج سب کو متحد ہو کر عمران خان کی کامیابی کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میجر طاہر صادق کو این اے 55 اور 56کا ٹکٹ دے کر پارٹی نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے آنے والے انتخابات ثابت کریں گے کہ قیادت کا فیصلہ درست تھا۔محمد بلال نے کہا کہ عمران خان نے ایک طویل جدو جہد کے بعد ملک کو لوٹنے والوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا ہے۔آج عوام نے میاں برادران کا بیانیہ مسترد کر دیا ہے اور آنے والے انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے ان کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیں گے۔