خواجہ حارث کا موقف درست، عرفان قادر نوازشریف کا مقدر جیل ہے،بابراعوان، تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں:اعتزاز
لاہور+ اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ صباح نیوز) بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ شریف فیملی مقدمات میں تاخیری حربے استعمال کرکے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے۔ ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ نوازشریف لندن جاکر واپس آئیں گے۔میاں نواز شریف اور ان کے بچے منی ٹریل دینے میں مکمل طور پر ناکام رہے۔ ان کو نظر آ رہا ہے کہ مقدمات کا کیا فیصلہ ہوگا اس لئے اپنے وکلاء کے ذریعے تاخیری حربے اختیار کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں سابق اٹارنی عرفان قادر نے کہا ہے کہ خواجہ حارث کا مؤقف درست ہے،خواجہ حارث وہ وکیل نہیں جو مقدمے چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں، اگر وہ اس مقدمہ سے دستبردار ہوئے ہیں تو ضرور کوئی وجہ ہے کہ وہ اس مقدمہ کو نہیں کرنا چاہ رہے، سپریم کورٹ اور احتساب عدالت کو خواجہ حارث کی اس مشکل کو حل کرنا چاہیے خواجہ حارث نے صاف کہا ہے کہ میں دبائو میں ہوں یہ نواز شریف کا بنیادی حق ہے کہ کوئی نہ کوئی وکیل ان کی وکالت کرے۔ ان خیالات کا اظہار عرفان قادر نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لگ یہ رہا ہے کہ خواجہ حارث اس کیس میں شدید دبائو کا شکار تھے، اب سپریم کورٹ کے ایک ماہ میں احتساب عدالت کو شریف فیملی کے خلاف ریفرنسز کا فیصلہ کرنے کے حکم کے بعد خواجہ حارث نے اس برملا اظہار کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ نوازشریف کا فیصلہ دیواروں پر لکھا ہے۔ ان کا مقدر اڈیالہ جیل ہے، دو سوالوں کے جواب دے دیں، مجھے یقین ہے آپ بری ہو جائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے پاس بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں۔ 25 جولائی کے بعد پی ٹی آئی برسراقتدار ہوگی، کوئی وی آئی پی ٹرائل نہیں ہوگا۔ آپ بھاگ نہیں سکتے، نوازشریف کہہ چکے ہیں آمدن سے زیادہ اثاثے اگر میرے ہیں تو تمہیں کیا؟ آپ کہتے ہیں بجلی کا جواب ان سے لو جو 58 دن کیلئے آئے ہیں۔